گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی منڈی بہاوالدین آمد، جھولانہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا

منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 17 جنوری2021)مخلوق خدا کی خدمت رضائے الٰہی کا ذریعہ اور صدقہ جاریہ ہے، سرور فاؤنڈیشن اب تک بیس لاکھ افراد کو پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کرچکی ہے، مختلف این جی اوز کی معاونت سے یہ فاؤنڈیشن مزید پانچ ملین افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی۔ پنجاب صاف آب منصوبے کے تحت چک جھمرہ میں پہلے فلٹریشن پلانٹ کا کل سے آغاز کردیا جائے گا جس سے پچاس ہزار افراد مستفید ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آج یہاں ضلع منڈی بہاؤالدین کے موضع جھولانہ میں پینے کے صاف پانی کے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری، ممبر صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن، محمد طارق تارڑ، ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا، ڈی پی او سید علی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر کاشف نواز اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر میجر (ر) ذوالفقار گوندل، رہنما پی ٹی آئی فیصل عمران گوندل، حمزہ علی نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت اس سال آخر تک صوبے کے ہر شخص کو صحت کارڈ کی سہولت مہیا کردی جائے گی جس کی مدد سے کوئی بھی بیمار شخص سرکاری اسپتالوں میں مفت طبی سہولیات حاصل کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کورونا کی وبا کے سلسلہ میں کامیاب حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں بڑی کامیابی ملی جسے پوری دنیانے سراہا ہے اور کورونا وبا میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ایک کروڑ پچاس لاکھ مستحق افراد میں بارہ ہزار روپے فی کس مالی امداد بھی تقسیم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لئے تمام شعبوں میں سروس انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موضع جھولانہ منڈی بہاؤالدین میں پی ٹی آئی ورکر فیصل عمران گوندل کی کاوشوں سے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب ایک عظیم کار خیر ہے جس کی بدولت عوام الناس کی جانب سے ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دس ارب روپے کی چیرٹی کی ہے جس کہ بنیادی وجہ رضائے الٰہی ہے، بعد ازاں گورنر پنجاب نے فلٹریشن پلانٹ کے ساتھ ہی مخصوص جگہ پر پودا بھی لگایا اور دعائے خیر کی

اپنا تبصرہ لکھیں