منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 26 فروری2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ درخت لگانا بہترین صدقہ جاریہ ہے، پودے صاف ماحول اور اچھی صحت کے ضامن ہوتے ہیں، ملکی ضروریات اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،ہم سب نے مل کر شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کینال ویو پارک میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالے سے مقامی سطح پر تیار کئے گئے پودوں، پھولوں اور پھلوں کی نرسری کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، ڈی او فاریسٹ رانا اکرم ، محکمہ جنگلات کے اہلکاران کے علاوہ سکولوں کے بچے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی او فاریسٹ نے بتایا کہ مقامی اور علاقائی پودوں پر مشتمل نرسریوں کا کینال ویو پارک سے شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد ضلع بھر میں آغاز کر دیا گیا ہے اور کینال ویو پارک میں ایک لاکھ پودوں کی نرسری لگانے کے حوالے سے 50ہزار پودوں کی پنیری لگا دی گئی ہے ۔جبکہ بقیہ 50ہزار پودوں کی پنیری لگانے کا ہدف جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امسال ضلع منڈی بہاﺅالدین میں تمام محکموں، نجی اداروں اور عوام الناس کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت 10لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ درخت ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہے، کسی بھی ملک کے 25فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی معاونت اور رہنمائی سے ضلع بھر کے تمام محکمے ، نجی ادارے بالخصوص عوام الناس خالی جگہوں اور پلاٹوں پر مقامی اور علاقائی پودوں کی نرسریوں کو فروغ دے کر شجر کاری مہم اور ضلع کے مقرر کردہ ٹارگٹ کے حصول کو ممکن بنایا جائے گا ۔