منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 05 جنوری 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے پرانے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا اور پناہ گاہ میں رہائش پذیر افراد سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ صبح کا ناشتہ بھی کیا۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مہار اختر حسین بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کو اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز نے شیلٹر ہوم سے متعلق مختصر بریفنگ بھی دی۔
ڈپٹی کمشنرطارق علی بسرا نے کہا کہ شیلٹر ہوم کا قیام سماجی خدمت کے شعبہ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے،جو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کا ایک انقلابی اقدام ہے جہاں مریضوں کے لواحقین ،بے سہارا اور پردیسی لوگوں کو بے پناہ ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیلٹر ہوم میں قیام سے لوگوں کو ایک معیاری اور بہترین پناہ گاہ کی شکل میں قیام و طعام کی سہولت میسر آ رہی ہے جو کہ عوامی خدمت کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے شیلٹر ہوم میں رہنے والے افراد کے ساتھ ناشتہ کیا ۔ انہوں نے پناہ گاہ میں رہائش افراد سے فردافردا گفتگو کی اور یہاں پر رہنے والوں کو دی جانے والی سہولیات کے متعلق استفسار کیا جس پر رہائشی افراد نے اپنے اطمینان کا اظہا رکیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ شہر بھر کے مختلف ایریاز جن میں 5وارڈ، لاری اڈہ، جیل روڈ کا اچانک دورہ کیا اور ان علاقوں میں کھڑے بارشی پانی کے نکاسی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو برساتی پانی سے ریلیف کی فراہمی میونسپل کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی گر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل عملہ مختلف شفٹوں اور ٹیموں کی شکل میں شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد از جلد نکاسی کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ بارش کے اختتام اور پانی کے نکاس تک تمام ملازمین فیلڈ میں موجود رہیں اور افسران ملازمین کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔