منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 30 مارچ 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہرکے ہمراہ شہر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈہ جات کا دورہ کیا ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ٹرانسپور ٹ گاڑیوں کے معائنے کے دوران انہوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 53گاڑیوں کے چالان کئے، 9گاڑیاں ضلع کے مختلف تھانہ جات میں بند کرا دیں اور مجموعی طور پر83 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز کے مطابق 50فیصد مسافروں کو گاڑیوں میں بٹھانے کی اجازت ہو گی۔ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور گاڑی مالکان کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز سمیت تمام مسافروں کا ماسک پہننا لازم ہے اور سواریوں کیلئے سینیٹائزر کے استعمال اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھا جائے اس پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے۔انہوں نے ماسک نہ پہننے والے مسافروں میں فری ماسک تقسیم کئے اور انہیں آئندہ ماسک پہن کر سفر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر میں سب کو احتیاط کرنا ہو گی۔ سماجی فاصلے، ماسک پہننے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے سے کورونا وائرس سے ممکنہ طور پر بچا جا سکتا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے بالخصوص ٹرانسپورٹر حضرات اور مسافروں، ویٹنگ ایریاز اور گاڑیوں میں سفر کے دوران سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ طارق علی بسرا نے کہا کہ اوورچارجنگ اور کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بند کی جائیں گی اور ایف آئی آرز کا اندراج بھی ہو گا۔