منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 22جنوری 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے دورے کے دوران تحصیل کمپلیکس ملکوال کی نئی زیر تعمیر عمارت اور چوٹ دھیراں سے ہیڈ شاہ پورتک کارپیٹڈ سڑک کے تعمیراتی کام کا اچانک معائنہ کیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ چٹھہ،ایکسیئن ہائی وے ، روڈز، ڈی او بلڈنگ قرار شاہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ چٹھہ،ایکسیئن ہائی وے اور ایس ڈی او بلڈنگ قرار شاہ نے ڈپٹی کمشنر کو تحصیل کمپلیکس ملکوال کی 57 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر عمارت اور 10 ملین روپے سے بننے والی چوٹ دھیراں سے ہیڈ شاہ پور تا چک نمبر 9 تک بننے والی کارپیٹڈ سڑک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے معائنے کے دوران پہلے تحصیل کمپلیکس کی عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار کو چیک کیا۔
بعد ازاں انہوں نے 10 ملین روپے سے بننے والی چوٹ دھیراں سے ہیڈ شاہ پور تک بننے والی کارپیٹڈ سڑک کا از خودمعائنہ کیااور سڑک کے تعمیراتی میٹریل کے معیار اور مقدار کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے بعض تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مسائل کے حل پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اور مفاد عامہ کے منصوبے بر وقت مکمل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سڑکوں ، گلیوں کی تعمیرو توسیع کی سکیموں کیلئے ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے لہذٰا تمام منصوبے وقت پر مکمل کئے جائیں۔ غیر ضروری تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور مفاد عامہ کی دیگرز سکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ ان شعبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔