منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا نے شہر کی مختلف مارکیٹوں اورجنرل بس سٹینڈز کا دورہ کر کے کورونا ایس او یز کے تحت پبلک مقامات پر ماسک نہ پہننے پر متعددافراد کو حراست میں لے لیا جبکہ تین ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر تھانہ میں بند کروا دیا ۔ قبل ازیں انہوں نے کورونا ایس پیز کے تحت شہریوں میں آگاہی مہم کے تحت ماسک بھی تقسیم کئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ کورونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر یہ ضروری ہو گیا ہے کہ کورونا سے بچاﺅ کیلئے ضلع بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدآمد کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کوبھی چاہیئے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ماسک کا استعمال کریں، سینیٹائزر کا استعمال کریں ، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔انہوں نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو سو فیصد یقینی بنائیں۔ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہاکہ مخصوص دکانوں کے علاوہ جمعہ اور ہفتہ کو دکانیں بند ہونی چاہیئںاور عام دونوں میں مارکیٹ شام 6بجے بند کرنے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ۔ اس پر کسی قسم کا کمپرومائز قبول نہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ شہر کا کاروباری طبقہ بالخصوص عوام الناس کورونا ایس او پیز عملدرآمد کے حوالے سے انتظامیہ کا ساتھ دے تا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو کنٹرول کیا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے بس اسٹینڈز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے سواریوں میں ماسک بھی تقسیم کئے اور انہیں آئندہ سفر کے دوران ماسک پہننے کی سختی سے ہدایت کی۔ انہوں نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمدر نہ پر تین ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر نے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوامی اجتماع کی جگہوں کی مسلسل نگرانی اور انسپکشنز کا عمل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز کی پینڈیمک کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف بھاری جرمانوں کے علاوہ مقدمات بھی درج کئے جائیں ۔