منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 جنوری 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے ایمرجنسی وارڈ کا افتتاح کیا ۔ایم ایس ڈاکٹر اعجاز مغل، سابقہ ایم ایس ڈاکٹر شکیل نذر، صدر پی ایم اے ڈاکٹر طارق چدھڑ، ڈاکٹرز اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے نئی تعمیر ہونے والی مسجد اور لواحقین کے لئے بنائی گئی پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر اعجاز مغل اور سابقہ ایم ایس ڈاکٹر شکیل نذر نے ڈپٹی کمشنر اور ممبر قومی اسمبلی کو ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال میں مریض بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر اور ایم این اے نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو صحت کی معیاری، بر وقت اور مفت سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ہسپتال کی مذید بہتری اور ہسپتال میں مریض بچوں سے متعلقہ اور بیماریوں کے خلاف علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں چلڈرن ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ قائم کر دیا گیا ہے تا کہ بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کیلئے شہر سے باہر نہ جانا پڑے۔ڈپٹی کمشنر اور ایم این اے نے ڈاکٹر اعجاز مغل ، ڈاکٹر شکیل نذر ، ڈاکٹر مجاہد مغل اور عنایت الرحمن گوندل کی ہسپتال کے کاموں میں مسلسل تعاون اور خدمات پر کاوشوں کو سراہا۔