منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 15اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈی پی او سید علی رضا کی قیادت میں ضلع میں امن و مان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ضلع کی پولیس اور سکیورٹی اداروں نے فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر مین بازار، شہر کی اہم شاہرات اور رسول روڈ سے ہوتا ہوا واپس ڈپٹی کمشنر آفس میں اختتام پذیر ہوا۔فلیگ مارچ میں ضلعی افسران، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، پولیس، ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کے جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ فلیگ مارچ کا مقصد لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تحفظ کا یہ احساس دلانا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ان کے جان مال کی محافظ ہے اور عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے ہر دم پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں احتجاجی مظاہرین نے شہر کی اہم شاہرات کو بند کر دیا تھا جنہیں منتشر کر کے پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت کیلئے بحال کرا دیا گیا ہے اور پولیس سڑکوں پر مسلسل گشت کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک ہے ، انتظامیہ اور پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ، امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔