منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08مئی 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ تمام محکمے عید الفطر اور لاک ڈاﺅن کے دوران حکومتی احکامات اورکورونا یس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروائیں ، لاک ڈاﺅن اور عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران تمام ادارے متحرک رہیں گے .
لاک ڈاﺅن کے دوران سیاحتی مقامات اور جنرل بس سٹینڈز سے مسافر گاڑیاں نکالنے پابندی ہو گی، خلاف ورزی پر ایسی گاڑیاں بنداور مالکان کے خلاف مقدمات درج اور جرمانے بھی عائد کئے جائیں، انہوں نے تمام محکموں کو مکمل پلان تشکیل دے کر پیش کر نے کی بھی ہدایت کی ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاک ڈاﺅن اور سختی کا مقصد لوگوں کی جانوں کو محفوظ بنانا ہے، کسی سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں عید الفطر کی تیاریوں کے انتظامات اور لاک ڈاﺅن کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حاظ غلام مرتضیٰ ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز امتیاز علی بیگ، ساجد منیر کلیار، عثمان غنی،سی ای او ایجوکیشن سید تقویر حسین شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق،سی ای اومیونسپل کمیٹیز،سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر، ڈی ایچ او، انچارج ریسکیو 1122، ایریگیشن، بلڈنگ، زراعت، انڈسٹریز اور دیگر محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاوالدین: لاک ڈائون کے دوران کونسی مارکیٹ کھلے گی اور کون سی بند رہے گی؟
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام محکمے لاک ڈاﺅن اور عید الفطر کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دے کر ڈی سی آفس پیش کریں ۔ انہوں نے کہاکہ عید الفطر کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہترین انتظامات ہونے چاہیئں، مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جائے اور مساجد، عید گاہوں کے باہر پانی چھٹرکاﺅ کے علاوہ جراثیم کش چونے کا بھی چھٹرکاﺅ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر شہر کا وزٹ کر کے اس عمل کی خود نگرانی بھی کروں گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے علاوہ ریسکیو 1122 اور ہیلتھ افسران کو کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے آر ٹی اے سیکرٹری کو ہدایت کی عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کورونا ایس او پیز کے تحت 50فیصد مسافروں، ماسک اورکرایوں میں اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ روکنے کےلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے جائیں۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ 8سے 16مئی تک لاک ڈاﺅن کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ہاتھ بٹانے میں مدد دیں۔اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاﺅن کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی بھی کمی ،کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔