منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16اپریل 2021)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی زیر صدارت آج ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ ،سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، ایکسیئن واپڈا، پبلک ہیلتھ، ایس ڈی او بلڈنگ قرار شاہ سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے مالی سال 2020-21کی نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ جس میں مختلف محکموں بالخصوص محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کی 300 ملین روپے کی 34سکیمیں، محکمہ تعلیم کی 10ملین روپے کی 2سکیمیں اور ہائی وے کی 40ملین روپے کی 1سکیم کے حوالے سے ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں موجود متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی آغاز میں کوالٹی اور کوانٹٹی پر کسی صورت بھی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مالی سال 2020-21 کی نئی ترقیاتی سکیموں پر پوری تیاری کر کے تعمیراتی انجینئر کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں اور ہوم ورک کے ذریعے ان سکیموں کے کام کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے تصاویری ثبوت کے ساتھ جگہوں کا معائنہ کیا جائے اور اس حوالے سے پارلیمینٹیرین کے ساتھ خصوسی طور پر مشاورت کی جائے تا کہ ان کی تجاویز کی روشنی میں مفاد عامہ کی اہم ضروری سکیموں کو بہتر انداز سے تکمیل کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے اور اس سلسلے میں ان ترقیاتی اسکیموں کے اجراء،اپ گریڈیشن اورتعمیر و بحالی کیلئے پہلے سے ہی فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کے کام کے معیار ،رفتاراورشفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مفاد عامہ کے پیش نظر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی خواہشات کے مطابق یہ ترقیاتی اسکیمیں لوگوں کی سہولت کا باعث بنیں اور لوگ ان سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔