منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 06 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ تعلیم کو ترجیح دینے والی قوم ہی عروج حاصل کرتی ہے، اسلام نے مرد و خاتون دونوں کو حصول علم کی تاکید کی ہے، تعلیم ایک ایسا زیور ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں، شاندار تعلیمی نتائج دکھانے والے طلباءو طالبات قوم کا اثاثہ ہیں، نئی نسل کی اچھی تعلیم و تربیت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول و کالج میں او لیول کلاسز کے افتتاح اورسالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، کالج پرنسپل، اساتذہ کرام، والدین کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے جناح پبلک سکول و کالج میں آمد کے فوری بعد او لیول کلاسز کا افتتاح کیا اور کلاس میں موجود طلباءواساتذہ سے سوالات کئے اور جوابات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جناح پبلک سکول و کالج میں او لیول کی کلاسز کے اجراءکو قابل تحسین پیش رفت قرار دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے جناح پبلک سکول و کالج کے لان میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور ڈے کئیر سنٹر،سٹاف ہاسٹل، پلے گراﺅنڈز اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جناح سکول و کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ انسان کے لئے معاشرے میں اچھے مقام کی خاطر تعلیم انتہائی لازم ہے۔دور حاضر میں تعلیم کے بغیر عصر حاضر میں کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے طلباءپر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل اور پاکستان کی امید ہے، وہ زیادہ سے زیادہ تعلیم پر توجہ مرکوز کریں تا کہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی بھاگ دوڑ کے علاوہ قومی، سماجی اور معاشی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے سکیں۔
انہوں نے اساتذہ پر واضح کیا کہ پاکستان کو اس وقت جن چینلجزکا سامنا ہے، ان سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کی معیاری تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت پرتوجہ دیں تاکہ وہ آگے چل کرملک کی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر طلباءو طالبات، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی۔ڈپٹی کمشنر نے لیول ون سے لے کر لیول آٹھ تک مختلف مدارج میںاول اور دوم آنے والے طلباءو طالبات میں شیلڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔