ڈرگ ایکٹ کی خلافوری پر12میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات کورٹ بھیجنے کا حکم

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 25 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے12میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اس امر کا فیصلہ ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمحمدالیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ،ڈرگ کنٹرولرعظمیٰ مظہروڑائچ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عطاءالمصطفیٰ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب20میڈیکل سٹورز مالکان کے کیسز پیش کئے گئے ۔ جن پر بغیر لائسنس ، بغیر وارنٹی، زائدالمیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے ، صفائی سھترائی اور فریزر میں ادویات نہ رکھنے وغیرہ ایسے الزامات تھے۔اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔جس پر اجلاس میں بورڈ کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں 12میڈیکل سٹورز مالکان کے مقدمات ڈرگ کورٹس بھیجنے،6 میڈیکل سٹورز کا از سر نو معائنہ کرنے، 2میڈیکل سٹورز کو وارننگ جاری کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں انسداد عطائیت مہم کے تحت یکم اکتوبر 2020 سے لے کر 22مارچ 2021تک 85 انسپکشنزکے دوران عطائیت کی 22دکانوں کو سیل کیا گیا ، 22کے چالان کئے گئے اور 22کے کیسز پبلک ہیلتھ کونسلز کو بھجوا دئیے گئے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے سی او ہیلتھ اور کوالٹی کنٹرول بورڈ کے ممبران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والی عطائی کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں اور نان کوالیفائیڈ حکیموں اور عطائیوں کا اپنی تشہیری مہم چلانا بھی غیرقانونی ہے، ان کے خلاف سختی سے نپٹا جائے۔

انہوں نے کہاکہ سی ای او ہیلتھ اور ڈرگ انسپکٹرز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ میڈیکل سٹور مالکان کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ حساس ادویات کو ریفریجریٹر یا ائیر کنڈیشن میں محفوظ کریںاوروہ ادویات کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ اور وارنٹی ضرور رکھیں۔کسی میڈیکل سٹور پر زائد المیعاد ادویات نہیں ہونی چاہئیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کوالیفائیڈ شخص کے بغیر کوئی میڈیکل سٹور یا کلینک پر کام نہیں کر سکتا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹر ز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل سٹور پر ڈرگ ایکٹ کے قوانین کے مطابق معائنہ کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوراََ کاروائی کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں