منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم جنوری 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ سٹیلائٹ اراضی سنٹر حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جہاں عوام الناس کو تمام اقسام کی فرد کے اجراءاور ہر قسم کے زمینوں اور جائیدادوں کے انتقالات کی سہولت میسرہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں چیلیانوالہ میں سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر توقیر الیاس چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نوازاور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ پنجاب حکومت کرپشن کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کے دیہی علاقوں میں قائم کئے گئے سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر شہری فرد ریکارڈ، ضمانت ، بجلی و گیس کنکشن کیلئے ضلعی ہیڈکوارٹر جانے کی بجائے متعلقہ کانونگوئی ، پٹوار سرکل سے حاصل کرتے تھے لیکن اب وہیں سے ہر قسم کی زمینوں اور جائیدادوں کے انتقالات کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹر پر آئے ہوئے سائلین کو اپنی نگرانی میں فردیں جاری کروائیں۔