چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے ٹریفک کے مسائل کا باعث بننے والی تجاوزات کوہٹا کر سڑکوں کو کلیر کروا دیا

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 09فروری2021)ڈپٹی کمشنر کے حکم پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مزمل محمود نے ٹریفک کے مسائل کا باعث بننے والی تجاوزات کوہٹا کر سڑکوں کو کلیر کروا دیا ،دریں اثناءاسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر سی او نے پرئس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف دکانداروں کو 37ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ تجاوزات کے خلاف پہلے سے ہی آپریشن کلین اپ کر رہی ہے۔چیف آفیسر نے اپنی نگرانی میں تحصیل انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے ہمراہ موضع ہریہ اور دیگر جگہوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے فٹ پاتھوں کو کلیئر کروا کر سامان بحق سرکار ضبط کر لیا۔

اس موقع پر سی او میونسپل کمیٹی نے بتایا کہ فٹ پاتھوں پر اور دکانوں سے سڑکوں تک قائم کی گئی تجاوزات کی وجہ سے عوام الناس کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور اس ضمن میں شہریوں کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو شکایات بھی موصول ہو رہی تھیں۔ جن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تحصیل انتظامیہ کو تجاوزات کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔عوام الناس کی آمد و رفت میں مشکلات کے پیش نظر تحصیل انتظامیہ نے انسداد تجاوات آپریشن شروع کر دیا اور آپریشن کر کے فوری طور پر تجاوزات کو ختم کر دیا اور تمام سامان اٹھوا دیا۔ تجاوزات کے خاتمے کے بعد بازاروں میں تنگ نظر آنے والے راستے اور بازار کھلے کھلے نظر آنے لگے اور وہاں سے گزرنے والے صارفین بالخصوص خواتین ، بچوں اور بزرگوں نے سکون اور تحفظ کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سی او مزمل محمود نے خبر دار کیا کہ تجاوزات قائم کر کے گاڑیوں، پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کیلئے مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں، فٹ پاتھوں اور عوامی سہولت والی تمام جگہوں پر سے تجاوزات رضاکارانہ طور پر ہٹا دی جائیں بصورت دیگر تحصیل انتظامیہ مفاد عامہ کے پیش نظر قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سامان بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں