منڈی بہاؤالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 7 دسمبر 2020) ضلعی صدر مسلم لیگ ن چوہدری مشاہد رضا چیلیانوالہ کی ریکمنڈیشن پر امیدوار برائے چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری راج بختیار گوندل لکھن کا آف پنڈی بہاؤالدین کو ضلعی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ نامزد کردیا گیا۔ اس سلسلے میں صوبائی صدر یوتھ ونگ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
چوہدری راج بختیار گوندل پنڈی بہاؤالدین کی لکھن کا فیملی سے تعلق رکھتے ہیں جو گزشتہ تین دہائیوں سے ضلع کی سیاست میں اہم مقام رکھتی ہے۔ چوہدری راج بختیار گوندل آمدہ بلدیاتی انتخابات میں امیدوار برائے چیئرمین میونسپل کمیٹی منڈی بہاؤالدین ہیں اور انھوں نے اپنی الیکشن کمپین کا آغاز بھی کررکھا ہے۔ ضلعی صدر یوتھ ونگ کی سیٹ مئی 2019ء سے عرفان بابر چوہدری کے استعفی کے بعد خالی چلی آرہی تھی۔ مسلم لیگ ن کی حالیہ تنظیم سازی کے دوران یوتھ ونگ کی ضلعی صدارت جیسی اہم سیٹ کیلئے ضلعی صدر مسلم لیگ ن چوہدری مشاہد رضا چیلیانوالہ کی نگاہِ مردم شناس چوہدری راج بختیار پر پڑی اور انکی تجویز پر مرکزی قیادت نے چوہدری راج بختیار گوندل کا با ضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
چوہدری راج بختیار گوندل مقبول نوجوان سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے صف اوّل کے گھڑ سوار بھی ہیں جو نیزہ بازی کے کئی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکے ہیں۔ چوہدری راج بختیار گوندل نے اپنی نامزدگی پر ضلعی صدر مسلم لیگ ن چوہدری مشاہد رضا چیلیانوالہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ چیئرمین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وہ یوتھ ونگ کو ضلع میں نوجوانوں کی سب سے بڑی تنظیم بنا کر دم لیں گے۔