منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر پھالیہ نے مختلف علاقوں میں گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزوی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دس ہزار سے زائد تھیلے برآمد کرلئے ، برآمد کی گندم کی مالیت 2کروڑ روپے کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے ۔
دریں اثناءپھالیہ میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیارنے اپنی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ رات مختلف علاقوں جن میں سیرے، سیدا، ٹاہلی اڈہ، پل سید اور جسو وال، بھوا حسن، نواں لوک، موسیٰ کلاں، کوٹ حست والا اور دیگر مقامات سے غیر قانونی ذخیرہ کی گئی گندم پر کارروائی کرتے ہوئے دس ہزار سے زائد تھیلے قبضے میں لے لئے اور نجی گوداموں کو سیل کر دیا جبکہ برآمد کی گئی گندم تحویل میں لے کر سرکاری گوداموں میں منتقل کر دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیر کلیار نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔ مافیاز گندم کو ذخیرہ کر کے پہلے گندم کو مارکیٹ میں شارٹ کرتے ہیں اور جب گندم کی سپلائی کم ہو جاتی ہے اور ملتی کم ہے تو یہی گندم مہنگے داموں عوام الناس کو بیچی جاتی ہے جو کہ سراسر ظلم اور ذیادتی ہے جو کہ کسی بھی صورت نہیں کرنے دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پھالیہ: گندم کی 640 بوری اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، مقدمات درج
انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے گندم کی ذخیرہ اندوزی بند کر دیں ورنہ بھاری جرمانوں کی ساتھ ساتھ جیل بھی بھیجا جائے گا اور گندم سرکاری تحویل میں لے لی جائے گی اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رو رعائت نہ برتی جائے گی چاہے کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو۔دریں اثناء تحصیل ملکوال میں بھی اسسٹنٹ کمشنر ملکوال کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد تارڑ نے تحصیل ملکوال میں مڈل مین کے نجی گوداموں سے غیر قانونی ذخیرہ کی گئی گندم کے 2ہزار تھیلے برآمد کر کے سرکاری گوداموں میں جمع کروا دئیے اور نجی گودام سیل کر کے قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی ہے ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی نے کہاکہ حکومت پنجاب نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر پابندی لگا رکھی ہے لہذا کوئی بھی بیوپاری کسی لالچ میں آکر گندم ذخیرہ یا سمگل کرنے کی ہر گز کوشش نہ کرے بصورت دیگر انتظامیہ گندم سمگل یا ذخیرہ کرنے والوں کے ساتھ سخت کارروائی کر ے گی۔