منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 20اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا – انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر نیلامی کروائی۔
انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران سے کہاکہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیاجا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافے کے منفی رحجان کو سختی سے روکا جائے گا لہذٰا آڑھتی حضرات حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔
انہوں نے سبزی منڈی میں خریداری کیلئے آنے والے دکانداروں اور صارفین سے قیمتوں سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔اے سی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں کو عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے کنٹرول کیا جا رہا ہے اورمنڈی میں نیلامی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
دریں اثناءاسسٹنٹ کمشنر پھالیہ نے ڈپٹی کمشنر کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پھالیہ کے موضع ولایت والا میں تحصیل انتظامیہ کی زیر نگرانی محکمہ خوراک نے ایک ٹرک پر سمگل کی جانے والی 640 بوری گندم کو قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف 1958ایکٹ کے تحت 2ایف آئی آرز درج کروا دی ہیں اور گندم کو سرکاری مال خانے میں جمع کروا دیا۔ انہوں نے مذید بتایا کہ تحصیل میں گندم کی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔