پھالیہ (نیوز ڈیسک)اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے کہا ہے کہ پھالیہ شہر سمیت پوری تحصیل پھالیہ کو گندگی اور آلودگی سے پاک کر کے خوبصورت بنانا ان کی اولین ترجیحات ہیں وہ یہاں ٹی ایم اے ہال پھالیہ میں مرکزی انجمن تاجران کے نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی عبد الحکیم ۔سینئر صحافی سید حفیظ سبزواری سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجر اور دکانداروں نے شرکت کی ۔
ساجد منیر کلیار نے کہا کہ ایک دکان ۔۔۔۔ایک پہچان اور No Bin No Business مشن کے تحت کام شروع کیا جا رہا ہے ۔ہر دکاندار کا فرض ہے کہ وہ اپنی دکان کے آگے پیلے رنگ کی ایک ٹوکری رکھے جس میں گندگی اور کوڑا ڈالا جائے ۔اس کے ساتھ ہر دکاندار اپنی دکان کے باہر صرف ایک بورڈ آویزاں کرے باقی تمام بورڈز اور پینا فلیکسز ہٹا دیے جائیں۔دوسرے فیز میں ہر شعبہ کو ایک مخصوص رنگ الاٹ کر دیا جائے گا ۔اور اسی رنگ کا بورڈ وہ دکان پر آویزاں کرے گا تاکہ اس کی پہچان بھی اچھی طریقہ سے ہو سکے اور کاروبار میں بھی اضافہ ہو سکے ۔
اس موقع پر مرغ فروش سید نبیل شاہ نے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کو بتایا کہ آج ڈی سی آفس منڈی بہاؤالدین کے ایک ملازم نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحصیلدار پھالیہ شیخ جمیل سے اسے دو ہزار روپے ناجائز جرمانہ کرایا اور تحصیلدار شیخ جمیل نے مقدمہ درج کرانے سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس کی شکایت وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر بھی کر دی گئی ہے ۔نبیل شاہ نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ دھمکیاں دینے والے بد اخلاق اور بد زبان تحصیلدار شیخ جمیل کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی عبد الحکیم اور دیگر تاجروں نے شہر کے مسائل پیش کیے جن کو اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا ۔