منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 04 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد پروگرام ہے جو مقامی سطح پر با صلاحیت نوجوانوں کو اپنے ہنر کے اظہار کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے ، انہوں نے کہاکہ آج کی تقریب نے واضح کر دیا ہے کہ ضلع منڈی بہاﺅاالدین کی زرخیز سرزمین کے ٹیلنٹڈ نوجوان اپنی قدرتی صلاحیتوں سے اپنا اور اپنے ضلع کا نام روشن کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار وویمن منڈی بہاﺅالدین میں آرٹس کونسل گوجرانوالہ کے زیر اہتمام پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، ڈائریکٹر آرٹس کونسل گوجرانولہ ڈویژن ڈاکٹر حلیم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچرل ونگ و فوکل پرسن شمسہ گیلانی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق پھپھرا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، پرنسپل گوررنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار وویمن ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن عظمت فاروق، اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر، ججز مقابلہ جات شاعر جان کشمیری ، فیض اللہ جان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ ، اساتذہ سکولوں اور کالجوں کے طلباءو طالبات اور نوجوانوں بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل با صلاحیت اور باہمت نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے ۔ انہوںنے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی محنت اورقابلیت سے اپنا مقام پیدا کریں ۔ حکومت پنجاب نے آپ کے ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے جس سے آپ کو بھر پور استفادہ حاصل کرنا چاہیئے۔ قبل ازاں ڈپٹی کمشنر نے مصوری ، شاعری ، آلات موسیقی ،مختصر کہانی نویسی اور گائیگی کے مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے نا صرف ملاقات کی بلکہ ان نوجوانوں کو اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھی دیکھا ۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ضلعی سطح پر مصوری ، شاعری ، آلات موسیقی ، مختصر کہانی نویسی اور گائیگی کے مقابلہ جات میں اول آنے والے نوجوانوں میں 10ہزار روپے ، دوم پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں 7ہزار اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں 5ہزار روپے کے نقد کیش انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔ پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل گوجرانولہ ڈویژن ڈاکٹر حلیم خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچرل ونگ و فوکل پرسن شمسہ گیلانی نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے منڈی بہاﺅالدین میں کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی اور انتظامی افسران کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔