پرائس مجسٹریٹس کے چھاپے، ماہ فروری میں دکانداروں،بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 14 لاکھ روپے جرمانہ

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 05 مارچ 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان اوور چارجنگ کرنے والوں اور گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن مذید تیز کر دیں، انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ماہانہ بنیادوں پر 3سو انسپکشنز،پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف ایک لاکھ روپے جرمانہ اور 2ایف آئی آرز کرنے کے اہداف حاصل کئے جائیں۔

انہوں نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو بھٹہ خشت پر اینٹوں کی قیمتوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے اور مقررہ قیمتوں پر زائد فروخت کے نے والوں کے خلاف جرمانے اور ایف آئی آر درج کروانے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے اے سی صاحبا ن کو ہدایت کی کہ سہولت بازاروں کی جگہوں پر سہولت کلسٹر (فوڈ کلسٹر) ریڑھیاں لگوائی جائیں اور موزوں جگہوں پر لگائی جانے والی ریڑھیوں کی تعداد 10سے کم نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شماریات سید اعجاز حسین نقوی کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ موبائل سہولت بازار کے طرز پر موزوں جگہوں پر سہولت کلسٹر کے تحت ریڑھیاں لگوائیں تا کہ عوام الناس اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مذید بہتر بنانے کیلئے بازاروں میں اپنی متحرک موجودگی کو یقینی بنائیں اور عملے کے ذریعے اعلانات کروا کر عوام کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف شکایات کی موقع پر کارروائی کریں تا کہ یہ پیغام جائے کہ ضلعی انتظامیہ حکومتی ہدایات کے مطابق عوام الناس کی خدمت کرنے کیلئے ہمہ وقت موجود ہے ۔

قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم فروری سے لے کر 5 مارچ 2021 تک پرائس مجسٹریٹس نے 9،358 انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کی673 خلاف ورزیاں پائے جانے پردکانداروں،بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 14 لاکھ 26 ہزار 100 روپے جرمانے کئے۔ 3افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کر وا کر 2افراد کو گرفتار کروا دیا گیا۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہحکومت کی ترجیحات اور ہدایت کے مطابق تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹا، چینی ، دالیں، پھلوں، سبزیوں کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوری ، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریںاورعادی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کوجرمانے کرنے کی بجائے جیل بھجوائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں