منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 28 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عادی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کوجرمانے کرنے کی بجائے ان کے خلاف ایف آئی آرز کروائیں،قیمت ایپ پنجاب پر درج شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ حکومت کی ترجیحات اور ہدایت کے مطابق تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹا، چینی ، دالیں، پھلوں، سبزیوں کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوری ، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر شماریات سید اعجاز حسین نقوی،تینوں تحصیلوں کے سی او ایم سیز، ڈی او انڈسٹریز محمد سعید کے علاوہ، تحصیلداران و نائب تحصیلداران، مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ڈی او انڈسٹریز محمد سعید نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 03جنوری سے لے کر اب تک پرائس مجسٹریٹس نے 7،765انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کیخلاف ورزیوں پر بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 13 لاکھ 20 ہزار 200 روپے جرمانے کئے گئے جبکہ ایک فرد کو گرفتار کروا دیا گیا۔جس پرڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کی کارکردگی پر عدم اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام مجسٹریٹس صاحبان اپنے اپنے مقرر کردہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کم سے کم 10سے 15انسپکشنز کریں اور اپنی کارگزاریوں کو مرکزی ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان عام بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں ۔ جو دکاندار عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈی ایف سی ، اے سی اور مجسٹریٹس صاحبان ملوں سے سہولت بازاروں، سیل پوائنٹس اور عام بازاروں میں آنے والے آٹے کا روزانہ کی بنیاد پر مکمل ریکارڈ مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح درآمدی چینی کی ضلع بھر میں ہر دکان پر ترسیل کو یقینی بنا کر اس کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور مصدقہ رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اے سیز اور مجسٹریٹس پرائس کنٹرول آرڈینینس 2020کے مطابق اپنے اپنے علاقوں کے ہول سیل ڈیلرز اور سٹاکسٹ کے گوداموں کے معائنے کریں اورسیل اینڈ پرچیزسے متعلق ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان عوام الناس کی جانب سے قیمت ایپ پنجاب پر درج شکایات کو فوری طور پر حل کروائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شماریات سید اعجاز احمد نقوی کو پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی کو سراہا ۔