منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29 اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے صبح سویرے شہر کی سبزی وپھل منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پھل و سبزی منڈی کی مختلف آڑھتوں پر جا کر خود اپنی نگرانی میں سبزی و پھل کی بولی کروائی اور سبزیوں اور پھلوں کے معیار کا بغور معائنہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پھل و سبزی منڈیوں میں بولی کے عمل کی سختی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور میرے روزانہ کی بنیاد پر پھل و سبزی منڈی کے دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کی اعلیٰ معیار کی سبزیاں اور پھل مناسب قیمتوں پر مہیا کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی طور پر متحرک کیا گیا ہے جو باقاعدگی سے اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پرائس ایکٹ کے تحت کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آرز درج اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران و اہلکاران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ا نہوں نے آڑھتی حضرات کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔