پرائس ایکٹ کی خلاف ورزیوں پرمختلف دکانداروں ، بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو17لاکھ41ہزار538روپے جرمانے

منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 30دسمبر2020) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پرائس مجسٹریٹس کی حقیقی کارکردگی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھ کر عوام الناس کو فائدہ پہنچانا ہے ،انہوں نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عام بازاروں, مارکیٹوں بالخصوص دیہی علاقوں میں دکانوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرکراپ رپورٹنگ سید اعجاز حسین نقوی کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں فوکل پرسن و ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس میں تمام مجسٹریٹس صاحبان کی فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی جی کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ سید اعجاز حسین نقوی کو تعریفی سند دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم نومبر سے لے کر 30دسمبر تک مجسٹریٹس صاحبان نے 7497انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کی 6315خلاف ورزیاں پائے جانے پرمختلف دکانداروں ، بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو17لاکھ41ہزار538روپے جرمانے کئے گئے۔ جس پرڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو واضح ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام مجسٹریٹس صاحبان اپنے اپنے مقرر کردہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کم سے کم 15انسپکشنز کا ہدف حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان عام بازاروں، مارکیٹوں بالخصوص دیہی علاقوں میں اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں اور جو دکاندار عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوںنے کہا کہ ڈی ایف سی ، اے سی اور مجسٹریٹس صاحبان ملوں سے سہولت بازاروں، سیل پوائنٹس اور عام بازاروں میں آنے والے آٹے کا روزانہ کی بنیاد پر مکمل ریکارڈ مرتب کریں گے اور ملوں سے معیاری آٹے کی ترسیل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور جو ملز معیاری آٹا فراہم کرنے میں ناکام ہوں ان کا کوٹہ بند کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح درآمدی چینی کی ضلع بھر میں ہر دکان پر ترسیل کو یقینی بنا کر اس کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور مصدقہ رپورٹ پیش کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت کی کہ گراں فروشوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی ہدایت کو سنجیدگی سے لے کر اس پر سوفیصدکارکردگی دکھانا ہوگی۔طارق علی بسرا نے ہدایت کی کہ کسی غریب دکاندار کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے بلکہ صریحاََ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں