منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 14 دسمبر 2020) سینٹرل پنجاب پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی ثانیہ کامران نے منڈی بہاؤالدین میں ضلعی صدر بینش افتخار کی رہائش گاہ پر ضلع منڈی بہاؤالدین خواتین ونگ کی تقریب حلف برداری کی صدارت کی اور تمام ممبران سے حلف لیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری سینٹرل پنجاب محترمہ روبینہ شاہین صاحبہ نے وڈیو کانفرنس کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی ۔
اس موقع پر بینش افتخار نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین خواتین ونگ کی طرف سے میں آپ کی آمد پر شکرگزار ہوں کہ آپ نے اپنے قیمتی وقت میں سے کچھ وقت ہم منڈی بہاؤالدین والوں کو دیا۔ ضلع منڈی بہاؤالدین کی تحریک انصاف کی سیاسی قیادت کچھ تو کرونا کی وجہ سے اور کچھ دیگر مصروفیات کی وجہ سے اتنی زیادہ ایکٹو نہیں ہے جتنا کہ اسے ہونا چاہئے تھا ۔ لیکن اس کے باوجود پوری ضلع قیادت اپنی تنددہی سے اپنے ضلع کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کرنے میں کوشاں نظر آتی ہے ۔ آج آپ کی آمد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ضلع منڈی بہاؤالدین کی خواتین ورکرز آپ سے صرف ایک مطالبہ کریں گی اور ہماری خواہش ہے کہ آپ ہمارا مطالبہ ہمارے وزیراعظم اور لیڈر جناب عمران خان صاحب تک ضرور پہنچائیں ۔
انہوں نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین شاید پنجاب کا وہ واحد ضلع ہے جو ابھی تک اپنی یونیورسٹی سے یا کسی بڑے ادارے سے محروم ہے ۔ ہمارے پاس گریجوایشن لیول تک کے کالجز ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم کے لئے یونی ورسٹی یا میڈیکل کالج نہیں ہے ۔ ہمارا صرف یہ مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم صاحب منڈی بہاؤالدین کی لئے یونی ورسٹی کی منظوری دیں ، ہمارا علاقہ چونکہ زرعی ہے تو اگر فیصل آباد کی طرز پر زرعی یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جاسکے تو بہت ہی اچھا ہوگا۔ ہمارے ضلع میں پانچ سو بیڈ کا ہسپتال بن چکا ہے ۔ اس ہسپتال کے ساتھ ہمیں ایک میڈیکل کالج دیا جائے ۔ ہماری خواہش ہے کہ آپ ثانیہ کامران صاحبہ اپنی ذاتی دلچسپی لے کر ہمارے ضلع کے لئے یہ کام کردیں ۔۔
محترمہ ثانیہ کامران نے بینش افتخار کی درخواست پر آئندہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں منڈی بہاؤالدین میں یونی ورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام کے لئے قرارداد پیش کرنے کا وعدہ کیا . اس موقع پر ضلع منڈی بہاوالدین میں تحریک انصاف کے یونین کونسل ممبران کی تعیناتی اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا اور تجاویز پر غور کیا گیا۔ تقریب میں سینئر نائب صدر ضلع منڈی بہاؤالدین محترمہ نائلہ راجہ ، نائب صدر محترمہ ارم شہزادی ، جنرل سیکرٹری محترمہ ثمینہ خالق اور دوسری تمام ضلعی ممبران نے شرکت کی ۔