ٹرانسپورٹرز کو کورونا ایس او پیز کی خلافورزی پر 87 ہزار روپے جرمانہ، 7 گاڑیاں بند اور 21 گاڑیوں کے چالان کر دئیے

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04مئی 2021 ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر نے شہر کے مختلف بس سٹینڈز کا دورہ کیا، انہوں نے وہاں کوویڈ 19 ایس او پیز اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں سے بھی ملاقات کر کے کرایوں کی وصولی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

انہوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر21گاڑیوں کے چالان کرتے ہوئے 7گاڑیوں کو ضلع کے مختلف تھانہ جات میں بندجبکہ مجموعی طور پر87ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو سو فیصد یقینی بنائیں۔ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور گاڑی مالکان کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں میں 50فیصد مسافروں کو بٹھایا جائے جبکہ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز کے علاوہ تمام سواریوں کا ماسک پہننا لازم ہے اور سواریوں کیلئے سینیٹائزر کے استعمال اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھا جائے اس پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے گا۔انہوں نے ماسک نہ پہننے والی سواریوں میں فری ماسک تقسیم کئے اور انہیں آئندہ ماسک پہن کر سفر کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے بالخصوص ٹرانسپورٹر حضرات اور مسافروں، ویٹنگ ایریاز اور گاڑیوں میں سفر کے دوران سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ملک محمد طاہر نے ٹرانسپورٹر حضرات کو ہدایت کی ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور سہولیات کی دستیابی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت ، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں