منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 20اپریل 2021) اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے کہا ہے کہ بھوکے انسان کو رزق کھلانا بہت بڑی عبادت ہے ، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے کوئی ویژن “کوئی بھوکا نہ سوئے ” پروجیکٹ کے تحت موبائل لنگر کا منڈی بہاﺅالدین میں کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے ۔ جہاں رمضان المبارک میں مختلف روٹس پر موبائل فوڈ ٹرک سے عوام الناس بالخصوص روزے دار مزدور ، مسافر اور محنت کش بھائی عزت و احترام کے ساتھ کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے “کوئی بھوکا نہ سوئے” موبائل لنگر کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ خدا نے مسلمانوں کیلئے 12مہینوں میں سے ایک مہینہ روزہ رکھنا فرض کیا گیا ہے جس میں اس بات کا اندازہ اور اصلاح ہوتی ہے کہ بھوکا رہنے والے انسان پر کیا گزرتی ہے اور اس پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے بھوکے انسان کو کھانا کھلانا بہت بڑی عبادت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان “کوئی بھوکا نہ سوئے “پراجیکٹ کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رمضان سے قبل اس کا آغاز کر دیا جس کی تقلید کرتے ہوئے دیگر شہروں بالخصوص منڈی بہاﺅالدین کی ضلعی انتظامیہ مخیر حضرات کے ساتھ مل کر موبائل لنگر پراجیکٹ کامیابی سے چلا رہی ہے ۔
امتیاز علی بیگ نے کہاکہ کورونا جیسی وبا کے تناظر میں مزدوری نہ ملنے اور معاشی مسائل سے دوچار کم آمدنی والے طبقے کیلئے موبائل لنگر پراجیکٹ ایک بہت بڑا سہارہ ثابت ہو رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خدمت خلق کے اس منصوبے کے تحت منڈی بہاﺅالدین میں موبائل لنگر پراجیکٹ کے ذریعے مختلف روٹس پر عوام الناس کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانا پیش کیا جا رہا ہے جو ایک بڑے اجر و ثواب کا کام ہے ۔