منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 19اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کو عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لحاظ سے مثالی ضلع بنایا جائے گا، حکومت پنجاب کے “خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ خود عوام الناس کو خدمت کیلئے ان کی دہلیز تک جائے گی، جس کے تحت محکمہ جات اپنی اپنی سطح پر ذمہ داریاں نبھائیں گے اور دئیے گئے ٹاسک کو پورا کریں گے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج یہاں “خدمت آپ کی دہلیز پر “میونسپل کمیٹی کے کنٹرول روم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی او ایم سی محمد فیاض اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے نیو رسول روڈ پر سٹیڈیم گراﺅنڈ سے ملحقہ جگہ پر سے میونسپل عملے سے اپنی نگرانی میں کوڑا کرکٹ اٹھوایا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ضلع منڈی بہاﺅالدین میں آج سے خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 15ہفتوں پر محیط اس پروگرام کے تحت میونسپل کمیٹیوں کی ذمہ داریوں بشمول سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، نکاسی و فراہمی آب، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد، رمضان بازاروں میں سہولیات، عید سپیشل مہم ، عید گایوں کی صفائی، منڈیوں کے دورہ جات، گرین ویک، روڈ سیفٹی، بیوٹیفکیشن، شجرکاری، فائل ڈسپوزل ، انکوائریوں اور تفتیشی امور کی تکمیل ، شجرکاری ، وال چاکنگ کے خاتمے، خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت ، پبلک ٹوائلٹس کی صفائی سمیت مختلف اہداف دئیے جائیں گے ۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خدمت آپ کی دہلیز پر وگرام کے تحت دئیے گئے اہداف کے حصول کیلئے بطور سربراہ ادارہ جات اپنا اہم کردار ادا کریں اور وہ تمام سرگرمیوں کی وہ خود نگرانی بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب افسران کی رینکنگ کرے گی اور نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ فرائض میں عدم دلچسپی دکھانے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب خود خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کو مانیٹر کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام کا مقصد ریونیو، پولیس ، بلدیاتی اداروں سمیت مختلف محکموں کی عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے ایپ متعارف کروا دی گئی ہے جس کی مدد سے افسران کی کارکردگی پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے جبکہ شہری بھی اپنا فیڈ بیک دے سکیں گے۔ دریں اثناءضلعی انتظامیہ نے “خدمت آپ کی دہلیز پر ” کے تحت میونسپل کمیٹی میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جس کا نمبر 0546-509500ہ ے اور عوام الناس اپنے مسائل کے حل کے حوالے سے اس نمبر پر فون کر کے میونسپل انتظامیہ کی خدمات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں ۔