منڈی بہاﺅالدین میں 29مارچ سے 2اپریل تک انسداد پولیو مہم میں 2لاکھ 70ہزار 815بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 27 مارچ 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ 29مارچ سے 02اپریل تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے مائیکروپلان پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے تا کہ 5سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاﺅ کی حفاظتی ویکسین پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مذید کہاکہ ڈینگی ایک کمیونٹی مرض ہے ،ڈینگی سیزن شروع ہونے سے قبل ہی تمام متعلقہ محکمے ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے اقدامات کرتے ہوئے سرویلینس کو مزید تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں آمدہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور انسداد ڈینگی (ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر افتخار احمد،ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر رضوان تابش، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف خالق، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 29مارچ سے 02اپریل تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 70ہزار 815بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی 70فکسڈ ٹیمیں،گھر گھر جانے والی 721ٹیمیں ،داخلی اور خارجی راستوں پر 43ٹیمیں ،70 یوسی ایم اوز جبکہ 162ایریا انچارج اور 1830پولیو ورکرز اس کام کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔جس پرڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ کسی بھی علاقے کا بچہ ویکسین پینے سے محروم نہ رہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی حسب روایت سپاٹ چیکنگ بھی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہیئں اور اس ضمن میں مائیکرپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تا کہ گزشتہ کمزوریوں اور خامیوں کا سو فیصد ازالہ ممکن ہو سکے اور اس مہم کے سو فیصد نتائج حاصل ہو سکیں۔

دریں اثناءسی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمحمد الیاس گوندل نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ22مارچ سے لے کر26مارچ 2021 تک ان ڈور 49 ہزار 25گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ آﺅٹ ڈور 5ہزار 530گھروں کو چیک کیا گیا ۔ ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 119 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں۔

جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسداد ڈینگی سے متعلق ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مذید بہتری لائیں اور اس کے نتائج کی روشنی میںلاروا سائیڈنگ کاکام بھر پور طریقے سے مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں تاکہ کسی بھی طرح ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں