منڈی بہاﺅالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 24اپریل 2021 )سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 24اپریل تا 30اپریل 2021عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منایا جا رہا ہے۔ جس میں پیدائش سے لے کر 2 سال تک کی عمر کے بچوں کو 11مہلک بیماریوں جس میں کالی کھانسی، خسرہ، ہیپاٹائٹس بی، نمونیا، خناق، انفلوائنزیا، پولیو، ڈائریا،تشنج وغیرہ سے محفوظ رکھنے کیلئے مفت حفاظتی ٹیکوں کو کورس کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے بچاو کے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے ضلع میں حکومت پنجاب، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں آن لائن سیمینارز، آگاہی واکس اور کمیونٹی کی سطح پر آگاہی مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔سی او ہیلتھ نے کہا کہ عالمی ہفتہ ویکسی نیشن منانے کا مقصد عوام الناس میں حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت و افادیت اور بر وقت علاج معالجہ کے حوالے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ویکسی نیٹرز، ڈسپنسرز، سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے تمام ہسپتالوں، مراکز صحت، محکمہ صحت کی سرکاری گاڑیوں پر آگاہی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔
انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ عالمی ہفتہ ویکسی نیشن کی کامیابی کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں اوراپنے نوعمر بچوں کو 11مہلک بیماریوں سے بچاو کیلئے حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول پر عمل کرتے ہوئے اپنے قریبی مرکزصحت یا مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات سے مفت حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں سے متعلق مفت معلومات حاصل کرنے کیلئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ہیلپ لائن 1033پر رابطہ کریں۔