منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08فروری2021 )ضلع منڈی بہاﺅالدین میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیاہے، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایوی ایشن اتھارٹی حاجی امتیاز احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بنائے گئے کورونا ویکسین سنٹر کا افتتاح کر دیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عمر مرتضیٰ پراچہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایوی ایشن اتھارٹی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ پہلے مرحلے میں حکومت فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، دوسرے مرحلے میں عوام کو ویکسی نیشن کو ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ اس کا ہر طرح سے ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز نے کورونا وبا کے دوران انتہائی محنت اور جانفشانی کے ساتھ خدمات سر انجام دی ہیں اور یہ ہمارے ہیروز ہیں۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے آغاز کر دیا گیا ہے ،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ویکسین کاﺅنٹر قائم کیا جا چکا ہے جہاں ہیلتھ ورکرز کو روزانہ کی بنیاد پر ویکسین لگے گی۔ پہلے مرحلے میں 147 ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 972 کورونا ویکسین کی ڈوز فراہم کی ہیں ،ضلع میں 2،900 ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لگائے گئے انسداد ٹائیفائیڈ کاﺅنٹر پر بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاﺅ کی ویکسی نیشن کے عمل کا معائنہ کیا اور بچوں کو ویکسی نیشن کی کوریج کے نشانات بھی لگائے۔
انہوں نے کہاکہ بچوں کی صحت کے تحفط کیلئے والدین انسداد ٹائیفائیڈ مہم سے بھر پور استفادہ حاصل کریں،پنجاب حکومت عوام الناس کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشاں ہے،عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈسے بچاﺅ کی ویکسی نیشن ضرور کروائیںتا کہ اس مہلک اور خطرناک بیماری سے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔