منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08جنوری 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے،قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا عبادت سے کم نہیں ، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے مائیکرپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے،انہوں نے باور کرایا کہ انسدادپولیو مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔
ان خیالات کااظہا رانہوںنے آج یہاں ڈی سی آفس میںانسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل،سی ای او ایجوکیشن(ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی) سید توقیر حسین شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اختر تارڑ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار احمد، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد عباسی، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید،نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف خالق، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف، پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ11جنوری سے لے کر 15جنوری 2021 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جس میں پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 70ہزار 815بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس مہم میں محکمہ صحت کی70فکسڈ،721موبائل ٹیمیں،43ٹرانزٹ،70یو سی ایم اوز،162ایریا انچارجز جبکہ 1830پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کی انسداد پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے۔ا نہوںنے ہدایت کی کہ گھروں، جھونپڑیوں،لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، بھٹہ جات اور عوامی مقامات خصوصاڈیرہ جات پر پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ پولیو قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔طارق علی بسرا نے کہا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔