منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24دسمبر2020 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ مسیحی برادی نے ہمیشہ محب وطن اور پرامن شہری ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے،مسیحی برادری کی کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، ضلعی انتظامیہ کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے ساتھ ہے اور انہیں کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں کرسمس کی آمد کے حوالے سے مسیحی برادری میں چیکس اور گفٹ پیکٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز،سی او ایم سی محمد فیاض،سماجی شخصیات آصف شبیر کے علاوہ دیگر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں ، ملازمین اور مسیحی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین ایک پرامن شہر ہے جہاں تمام اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار مکمل جوش و جذبہ اور عقیدت کے ساتھ مناتی ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہر سال ان کی خوشیوں میں شامہ ہونے کیلئے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے۔ جس کا یہ واضح ثبوت ہے کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں تمام طبقات امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کے تحت ضلع بھر میں 12گرجا گھروں، 3کرسمس بازاروںاور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس ملازمین ،ایلیٹ اور قومی رضاکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز نے کہا کہ قائد اعظم کے فرمودات اور دستور پاکستان کے مطابق پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور برابر کے شہری حقوق حاصل ہیں، ہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔
اس موقع پر مسیحی رہنماﺅں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس میں رہنے والے مسلمان ،مسیحی یا دیگر مذاہب کے لوگ انتہائی ملنسار ہیں۔ ہر پاکستانی دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ ان کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔انہوں نے مسیح برادری کیلئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات اور کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقاد اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے اختتام پر دعائیہ کلمات کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کی دعا بھی کروائی گئی۔