منڈی بہاوالدین میں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 02 مارچ 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے جو ہم سے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانے کا تقاضا کرتا ہے، انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، پاکستان جیسا عظیم وطن طویل جدوجہد اور شہداءکی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے،وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے ہر شخص اپنا فرض ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے 23مارچ یوم پاکستان بھر پور طریقے سے منانے کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، تینوں تحصیلوں کے سی او میونسپل کمیٹیز کے علاوہ دیگر ضلعی محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے اجلاس کو بتایا کہ یوم پاکستان منانے کے حوالے سے 3ہفتے تک تقریبات جاری رہیں گی ۔ جن میں پہلا ہفتہ سکولوں میں جبکہ دوسرا ہفتہ کالجز اور تیسرے ہفتے میں 22مارچ تک جنرل تقریبات منعقد ہوں گی ۔انہوں نے سی ای و ایجوکیشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور سی او ایم سیز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ سکولوں میں یوم پاکستان کے حوالے سے ملی نغمے، تقا ریر، ٹیبلوز وغیرہ ایسی تقریبات منعقد کی جائیں جبکہ دوسرے ہفتے میں کالجز میں ملی نغموں اور تقاریری مقابلہ جات، ڈرامیٹک پروگرام ایسی تقریبات منعقد کی جائیں جبکہ تیسرے ہفتے سے 22مارچ تک یونین کونسل اور میونسپل کمیٹی کی سطح تک تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ پہلے ہفتے سے 23مارچ تک تمام اہم اور سرکاری عمارتوں پر روزانہ کی بنیاد پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور اہم شاہراہوں پر تحریک پاکستان کے حوالے سے اہم شخصیات کے قد آور پورٹریٹس ، پینا فلیکس اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے حوالے سے شہروں اور گلیوں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں انجمن تاجران اور مخیر حضرات کی معاونت سے شہروں اور گلیوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور سرکاری اور نجی عمارتوں کو چراغاں کرکے سجایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی تقریب میں ممتاز شخصیات کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں