منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19دسمبر2020) ڈپٹی کمشنرطارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں، عیسائی برادری کے لوگ ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کی ہر خوشی و غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا نے کہا ہے کہ کرسمس کے تہوار کو مذہبی جوش و جذبے سے منانے کیلئے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا ، پولیس کی مدد سے چرچوں ، پارکس اور دیگر تفریحی مقامات پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔
ان خیالا ت کا اظہا را نہوں نے آج یہاں کرسمس کی تیاریوں اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سکیورٹی انچارج ظفر رانجھا، ممتاز علماءکرام، اقلیتی ممبرسیموئیل سائم، ارشد گل، ضلعی صدر مینارٹی پاکستان حلیم گل اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منڈی بہاﺅالدین ایک پرامن ضلع ہے جہاں تمام اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار مکمل جوش و جذبہ اور عقیدت کے ساتھ مناتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی بھائیوں کے حقوق کا خیال رکھنا ریاست اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی خوشیوں منانے کیلئے پر امن ماحول فراہم کی جائے گا۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے فسران کو ہدایت کی کہ کرسمس کے موقع پر چرچوں اور کرسچین آبادیوں میں صفائی ستھرائی کیلئے بھر پور فوری اقدامات کئے جائیں اور لائٹنگ کا مناسب بندوبست کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے شرکاءکو باور کروایا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظرمذہبی ہم آہنگی کی شدید ضرورت ہے کیونکہ ہمارے ملک و قوم کے اندرونی و بیرونی دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم اور سازشوں کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے جس کیلئے ہمیں مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے ،اخوت اورامن کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارے ملک کے دشمن اپنے مقاصد میں ناکام رہیں۔
ڈی پی او سید علی رضا نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔ضلع بھر میں 12گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس ملازمین ،ایلیٹ اور قومی رضاکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جا رہی ہیں اور اس سلسلہ میں پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیا جائے گا۔
اس موقع پر ممتاز علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ اور مسیحی برادری کے نمائندوں کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن کو فروغ دینے کے لئے باہمی کوارڈینیشن کے ذریعے مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں مسیحی کمیونٹی کے نمائندگان اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کی تجاویز بھی سنی گئیں ۔تجاویز سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔