منڈی بہاوالدین میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے اہم میٹنگ، ایم این اے، ایم پی ایز سمیت ضلعی افسران کی شرکت

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29 مارچ 2021)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کر کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ،،متعلقہ افسران اور انجینئرز ترقیاتی فنڈز کا بر وقت استعمال یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں پر فزیکل اور فنانشل پراگرایس رپورٹ حکومت کے علاوہ عوامی نمائندوں کے ساتھ شیئر کی جائے، ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ متعلقہ افسران بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ترقیاتی سکیموں کو چیک کریں اور ایسے تمام کنٹریکٹرز جو مطلوبہ معیار پر کام نہ کریں ان کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی کی جائے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ضلعی سطح پر عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم پی اےز گلریز افضل چن، طارق تارڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، تینوں تحصیلوں کے سی اوز کے علاوہ تمام ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ نے اجلاس کو ملٹی میڈیا کی مدد سے عوامی نمائندوں کی جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں ضلع کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی تنصیب اور بحالی ، عوامی نمائندوں کو میرٹ لسٹوں کی فراہمی ، واٹر سینی ٹیشن، ڈرینج ، سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں ، سڑکوں کی تعمیر، بجلی کے پولز کی شفٹنگ اور بحالی، تکمیل شدہ بڑی ترقیاتی سکیموں کے سائن بورڈز کی تنصیب اور سروے کے بعد ٹریفک سگنلز کی تنصیب ایسے مسائل زیر بحث آئے۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں سے متعلقہ مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے افسران نے رپورٹس پیش کیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ محکمے اپنی کارکرگی اور سرگرمیوں سے عوامی نمائندوں کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں اور شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے منظم منصوبہ بندی کے تحت ٹیم ورک کے ساتھ ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کریں ۔

انہوں نے کہاکہ ان میٹنگوں کا مقصدلاءاینڈ آرڈر، ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے پارلیمنٹیرین کے ساتھ ان ترقیاتی اسکیموں کا اپ ڈیٹ شئیر کرنا اوران کی تجاویز کی روشنی میں ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنا ہے۔ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے صوبے بھر میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے اور اس سلسلہ میں ان ترقیاتی اسکیموں کی اپ گریڈیشن تعمیر و بحالی کیلئے فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں لہذٰا تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو ہر ممکن حد تک تیز کیا جائے اور مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تا کہ عوام الناس کو اس حوالے سے درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔

ایم پی ایز گلریز افضل چن اور طارق تارڑ نے کہاکہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مفاد عامہ کے پیش نظر جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوامی خواہشات کے مطابق یہ ترقیاتی سکیمیں لوگوں کی سہولت کا باعث بنیں ۔انھوں نے کہا کہ جن اسکیموں کے فنڈز ریلیز نہیں ہو رہے ان کے فنڈز اعلیٰ حکام سے جلد ریلیز کروائیں گے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جو سڑکیں مکمل ہو گئی ہیں وہاں عوام الناس کی آگاہی کیلئے سائن بورڈز لگوائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیم ، صحت، مواصلات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ڈرینج، سوئی گیس اور بجلی کی تنصیب اور بر وقت بحالی اور پولز کی شفٹنگ اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب کیلئے سروے کا انعقاد اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں