منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02 فروری2021)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کر کے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ، متعلقہ افسران اور انجینئرز ترقیاتی فنڈز کا بر وقت استعمال یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں پر فزیکل اور فنانشل پراگرایس رپورٹ حکومت کے علاوہ عوامی نمائندوں کے ساتھ شیئر کی جائے، ترقیاتی کاموں کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ، متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی کام مکمل ہوں گے عوام الناس اتنی جلدی ہی ان سے مستفید ہوں گے، انہوں نے مذید ہدایت کی کہ متعلقہ افسران بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ترقیاتی سکیموں کو چیک کریں اور ایسے تمام کنٹریکٹرز جو مطلوبہ معیار پر کام نہ کریں ان کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ڈی سی آفس میں ضلعی سطح پر عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ساجد احمد خان بھٹی، نمائندہ ممبر قومی اسمبلی عادل امتیاز چوہدری، ایس پی انویسٹی گیشن طارق سکھیرا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز کے علاوہ تمام ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ نے اجلاس کو ملٹی میڈیا کی مدد سے عوامی نمائندوں کی جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں ضلع کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی تنصیب اور بحالی ، عوامی نمائندوں کو میرٹ لسٹوں کی فراہمی ، واٹر سینی ٹیشن، ڈرینج ، سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں ، باﺅنڈری والز، عدم دستیاب سہولیات، کمپیوٹر لیبز اور خطرناک عمارات کی از سر نو تعمیر، سڑکوں کی تعمیر، بجلی کے پولز کی شفٹنگ اور بحالی، اراضی ریکارڈ سنٹرز میں سائلین کی بر وقت داد رسی ، تکمیل شدہ بڑی ترقیاتی سکیموں کے سائن بورڈز کی تنصیب اور سروے کے بعد ٹریفک سگنلز کی تنصیب ایسے مسائل زیر بحث آئے۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں سے متعلقہ مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے افسران نے رپورٹس پیش کیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو ہر ممکن حد تک تیز کیا جائے اور مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تا کہ عوامی نمائندوں کو اس حوالے سے درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تعلیم ، صحت، مواصلات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ڈرینج، سوئی گیس اور بجلی کی تنصیب اور بر وقت بحالی اور پولز کی شفٹنگ اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب کیلئے سروے کا انعقاد اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ساجد احمد خان بھٹی نے کہا کہ محکمے اپنی کارکرگی اور سرگرمیوں سے عوامی نمائندوں کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں اور شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے منظم منصوبہ بندی کے تحت ٹیم ورک کے ساتھ ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کریں ۔ نمائندہ ممبر قومی اسمبلی عادل امتیاز چوہدری نے کہا کہ حکومت عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے ۔ضلع میں تمام جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ان سکیموں کو مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیا جائے تا کہ عوام الناس ان کے ثمرات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔