منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 12اپریل 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے ماحول کو صاف اور خشک رکھناانتہائی ضروری ہے ۔ اس امر کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیوننٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کمیوننٹی کے عملی تعاون کے بغیر مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ ممکن نہیں بالخصوص گلی محلوں ، گھروں میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے کمیونٹی موبلائزیشنن کیلئے شعور اور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں کو ترغیب دیں اور ماحول کو صاف رکھنے کے سلسلے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈینگی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر بشری چوہدری کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس،ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا ۔
بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی مشترکہ کاوشوں سے انسداد ڈینگی سے متعلق ان ڈور اور آﺅٹ ڈور سرویلینس کے کام مذید بہتری لا کر ڈینگی پر قابو پانا ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنے دفاتر اور ارد گرد کے ماحول انسداد ڈینگی ایس او پیز کے مطابق بنائیں، انسداد ڈینگی رولز کی خلاف ورزی پر کسی سے کوئی رعائت نہ برتی جائے ۔