منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 07مئی 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاﺅن کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں اور8سے 16مئی کے لاک ڈاﺅن کے دوران شہریوں کو کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ہاتھ بٹانے میں مدد دیں۔اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ لاک ڈاﺅن کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مارکیٹس ، کاروباری مراکز ، دفاتر اور دکانیں 8سے 16مئی 2021تک بند رہیں گی ۔ صرف میڈیکل سٹورز، میڈیکل سہولیات ، ویکسی نیشن سنٹرز، پٹرول پمپس، تندور، د دودھ و ڈیری شاپس ، ٹیک وے فوڈ اور ای کامرس (ہوم ڈیلیوری) ، یوٹیلٹی سروسز ( بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سلولر نیٹ ورک، ٹیلی کام سنٹرز اور میڈیا) پورا ہفتہ 24گھنٹے کھلے رہیں گے جبکہ بیکریز، کریانہ سٹورز، سویٹ شاپس، سبزی و پھل شاپس، چکن اور گوشت کی دکانیں صبح 9بجے سے شام 6بجے تک پورا ہفتہ کھلی رہیں گی۔
انہوں نے کہاکہ چاند رات کے موقع پر چاند رات بازار جس میں مہندی ، جیولری، کپڑوں کے سٹالز وغیرہ پر مکمل پابندی ہو گی، انڈور اور آﺅٹ ڈور ریسٹورنٹس ، ہوٹلوں پر بھی مکمل پابندی ہو گی اور صرف ٹیک وے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہو گی، شادی اور دیگر تقریبات کے انڈور پر مکمل پابندی ہو گی ، تمام قسم کے میرج ہالز ، کمیونٹی سنٹرز ، مارکیٹس اور ایونٹ ہالز بھی بند رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق جن اضلاع میں کورونا وائرس کے مثبت آنے کی شرح 8فیصد سے زیادہ ہے وہاں پر آﺅٹ ڈور شادیوں پر بھی پابندی ہو گی اور تمام قسم کی سیاحت کی سر گرمیوں پر بھی پابندی ہو گی۔
کورونا وائرس کے باعث منڈی بہاوالدین میں مکمل لاک ڈائون۔ دوکانیں بند، سڑکیں ویران۔ ویڈیو دیکھیں