منڈی بہاوالدین سے دوسرے اضلاع گندم کی سمگلنگ ناکام،گندم کے 700 تھیلے برآمد

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04مئی 2021 ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزوی اور دوسرے اضلاع میں سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 700 تھیلے برآمد کرکے قبضے میں لے لئے اور ایف آئی آر درج کروا دی ۔برآمد کی گئی گندم تحویل میں لے کر سرکاری گوداموں میں منتقل کر دی گئی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شہباز احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سخت ہدایات ہیں کہ گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی ذخیرہ اندوزی اور دوسرے اضلاع میں سمگلنگ پر مکمل پابندی لگائی ہوئی ہے۔ مافیاز گندم کو ذخیرہ کر کے پہلے گندم کو مارکیٹ میں شارٹ کرتے ہیں اور جب گندم کی سپلائی کم ہو جاتی ہے اور ملتی کم ہے تو یہی گندم مہنگے داموں عوام الناس کو بیچی جاتی ہے جو کہ کسی بھی صورت نہیں کرنے دیا جائے گی۔

انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے گندم کی ذخیرہ اندوزی بند کر دیں ورنہ بھاری جرمانوں کی ساتھ ساتھ جیل بھی بھیجا جائے گا اور گندم سرکاری تحویل میں لے لی جائے گی اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رو رعائت نہ برتی جائے گی چاہے کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے سٹی رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے رمضان بازار میں اشیائے خوردونوش کے مختلف سٹالز بالخصوص چینی کے سٹالز پر صارفین کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور سکیورٹی و کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جہاں مرد، خواتین و بزرگ شہریوں کیلئے بیٹھنے کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان انتظامات کا مقصد صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنا ہیں تا کہ رمضان بازاروں میں انہیں خریداری کے دوران کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروں میں عوام الناس کو ریلیف کی فراہمی بنیادی ترجیح ہے، عام مارکیٹ کی نسبت رمضان بازاروں میں چینی، آٹا،کریانہ، مشروبات ، کھجور، گوشت، انڈے عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں تا کہ صارفین رمضان بازاروں میں خریداری سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں