تحریکِ لبیک کے کارکنان کے خلاف مقدمات کا اندراج جاری. پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گجرات میں تحریکِ لبیک پاکستان کے کارکنوں کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 200 سے زیادہ کارکن و عہدیدار زیرِ حراست ہیں۔
منڈی بہاوالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 15 اپریل 2021) پولیس حکام کے مطابق گوجرانوالہ میں 89، سیالکوٹ میں 50، گجرات میں 48، حافظ آباد میں 22، منڈی بہاؤالدین میں 18 اور نارووال میں 17 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سیالکوٹ میں پولیس وین کو نذرِ آتش کرنے، پولیس اہلکاروں کو چھت سے نیچے پھینکنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت ضلعی امیر سیالکوٹ صوفی رفیق باجوہ سمیت 36 نامزد کارکنوں و عہدیداروں اور 600 نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کے تھانہ صدر میں 45 نامزد ملزمان اور 300 نامعلوم افراد کے خلاف اور تھانہ سٹی کامونکی میں 90 نامزد اور 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ پولیس ترجمان کے مطابق 19 ملزمان گرفتار ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمات میں نامزد افراد کے خلاف تھانے میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنے، دہشت گردی، اغوا، انتشار پھیلانے اور کورونا کے پھیلاؤ کے سبب بننے کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مظاہرین نے جی ٹی روڈ کو بلاک کر رکھا تھا جس سے اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک بند تھی۔