منڈی بہاوالدین سمیت پنجاب بھر کے تمام سکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھل گئیں

منڈی بہاوالدین + لاہور ( اخبارتازہ ترین۔1فروری ۔2021ء) ملک بھر میں 67روز بعد پرائمری، مڈل سکولز اور یونیورسٹیاں کھل گئیں۔ حکومتی ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں میں دوسرے مرحلے کے تحت باقی کلاسز کا آغاز ہوگیا۔ یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ دو ماہ سے زائد کے بعد سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جبکہ کالجز ، جامعات میں تھرڈ ائیر سے پی ایچ ڈی تک کلاسز کی پڑھائی ہوگی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کے مطابق طلبہ کو متبادل دنوں میں بلایا جائے گا۔ سکولوں اور کالجز میں سمارٹ نصاب کے مطابق تعلیمی دی جائے گی جبکہ کچھ جامعات میں آن لائن اور بعض میں طلبہ کے امتحانات آن کیمپس ہونگے ۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے ۔کراچی میں سکولوں میں بچوں کو تھرمل گن سے درجہ حرارت دیکھنے کے بعد سکول میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے جبکہ بچوں کے ہاتھوں کو بھی سینیٹائزر سے صاف کروایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سکول کے بچوں نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو بہت زیادہ یاد کر رہے تھے۔ سکول دوبارہ کھلنے پر وہ خوش ہیں۔ جبکہ اس موقع پر اساتذہ کا کہنا ہے کہ کلاسوں میں بھی بچوں کو بھی فاصلے پر بٹھایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے پر 26 نومبر 2020 کو تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔ صورتحال قدرے بہتر ہونے پر پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں تک کلاسز شروع کرنے کی اجازت ملی تھی۔جبکہ آج سے تمام سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں