منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02 فروری2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ دور حاضر میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو ترجیح دینے والی ا قوام نے ہی عروج حاصل کیا ہے ،شاندار تعلیمی نتائج دکھانے والے طلباءو طالبات قوم کا اثاثہ ہیں،عصری تعلیمی تقاضوں کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں حکومت پنجاب سکولز ایجوکیشن اور محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی و سکولز ایجوکیشن ساجد احمد خان بھٹی، سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، اساتذہ، والدین اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بالخصوص سائنس ٹیکنالوجی میں طلباءکی خصوصی دلچسپی وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھامیٹکس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباءو طالبات، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی۔ ممبر صوبائی اسمبلی و سکولز ایجوکیشن ساجد احمد خان بھٹی نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے بغیر عصر حاضر میں کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس نظام تعلیم کو بہتر بنانا ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق وفاق اور صوبائی حکومتیں ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔ انہوںنے حکومت پنجاب کی طرف سے سائنس پراجیکٹ STEMمیں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو مبارکباد پیش کی۔تقریب سے سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے منعقدہ سائنس پراجیکٹ STEM میں تحصیل اور ضلعی سطح کی کمیٹیوں میں شامل ماہرین تعلیم کی مکمل اور شفاف سکروٹنی کے ذریعے اول ، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباءکو آگے آنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی کی ترجیحات کے مطابق محکمہ تعلیم کا نظام بہتری کی جانب گامزن ہے۔ تعلیمی اداروں میں طلباءکے مابین نصابی مقابلہ جات کا بنیادی مقصد ان میں تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے تا کہ مستقبل کے یہ معمار اپنی ملک و قوم کے علاوہ دنیا کو بھی لیڈ کر سکیں۔بعد ازاں تقریب کے اختتام پر سائنس پراجیکٹSTEM کے تحت سیکنڈری سطح پر گورنمنٹ ایم سی ھائی سکول کے منصور الحسن اور مزمل حسین کو اول آنے پر جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول رکن کے احسن اقبال کو دوم اور گورنمنٹ ہائی سکول فروٹ منڈی کی فروہ احمد کو جبکہ ایلیمنٹری سطح پر ارتضیٰ حیدر کو اول ، گورنمنٹ ہائی سکول کٹھیالہ شیخاں کے عمیر علی کو دوم اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول چک 28کی سویراکو سوم آنے پر شیلڈز پیش کی گئیں۔