ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر ہم سب کو الرٹ رہنا ہوگا اور اپنے سکیورٹی اداروں کی بھر پور معاونت کرنا ہو گی

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03 مارچ 2021 )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ وطن کا بہترین دفاع دشمن کے خفیہ اور مزموم عزائم کو ناکام بنا کر ہی کیا جا سکتا ہے،ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر ہم سب کو الرٹ رہنا ہوگا اور اپنے سکیورٹی اداروں کی بھر پور معاونت کرنا ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی ہال منڈی بہاﺅالدین میں عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، سول ڈیفنس آفیسر محمدیوسف ، ایڈیشنل چیف وارڈن سول ڈیفنس میاں آصف شبیر،محمد نویداور شہری دفاع کے رضاکاروں کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم شہری دفاع منانے کا مقصد جنگ، ناگہانی آفات،سیلاب، زلزلہ اور خودکش حملوں کے بعد ایمرجنسی حالات سے احسن طریقے سے نپٹنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر شہری دفاع کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔ جس کی وجہ ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمن عناصر اپنے خفیہ اور مزموم عزائم کے ذریعے ہمارے ملکی استحکام اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے ارد گرد ایسے عناصر اور واقعات پر کڑی نگاہ رکھیں اور ان کے مزموم عزائم کا ناکام بنا دیں تبھی ہم اپنے ملک اور قوم کا بہترین دفاع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری سول ڈیفنس کی تربیت حاصل کر یں تا کہ سکیورٹی اور دیگراداروں کے ساتھ مل کر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں بر وقت نپٹا جا سکے۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز نے میونسپل کمیٹی کے لان میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودا لگایا ۔ اس موقع پر انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کا کلین گرین پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت کے بحران سے باآسانی نمٹا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں