منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14دسمبر2020 )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو مستقل بنیادوں پر پورا کرنے کیلئے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ضروری ہے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال سے گندم اور دیگر فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے،
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں جس کے دو رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت جدید طریقہ کاشتکاری بارے کسانوں کو کی رہنمائی کر رہا ہے تا چھوٹے کاشتکار ان ثمرات سے مستفید ہو سکیں ، کیونکہ کسان خوشحال ہو گا تو ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آ ج یہاںگندم، دھان، کماداور دیگرفصلوں کی بڑھوتری کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ سیمینار میںڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، کسان بورڈ کے نمائندوں کے علاوہ کسانوں اور زمینداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اے ڈی سی جی محمد شفیق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشت کاری کا پیشہ تمام پیشوں سے افضل ہے ، کاشتکار زمین سے فصل حاصل کرتاہے اور باقی سب لوگ کھاتے ہیں، حکومت کی نظر میں زرعی شعبہ بڑے اہمیت کا حامل ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی آلات و دیگر منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ۔ انہیں لیزر لیور اور دیگر مشینری پر 50فیصد سبسڈی پرفراہمی کسان دوستی کا عملی ثبوت ہے ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ ڈویژن چوہدری جاوید نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے امسال ایک کروڑ ستر لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کرنے اور 20کروڑ ٹن گندم حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ،اس سلسلے میں گوجرانوالہ ڈویژن میں 24لاکھ 64ہزار ٹن گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو باور کرایا کہ ضلعی انتظامیہ نے جعلی ادویات کی روک تھام کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔اس حوالے سے متعلقہ محکمے کاروائیاں کر رہے ہیں اور جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے سخت سزائیں بھی دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ کسانوں کو جتنا زیادہ ریلیف حاصل ہو گا ملک اتنا زیادہ ترقی کرے گا۔
قبل ازیں ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ نے کہا کہ حکومت گندم، کماد اور دیگر اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو زرعی آلات اور دیگر مشینری کے حصول پر 50فیصد سبسڈی دے رہی ہے ۔یہ سہولیات 2024تک جاری رہیں گی۔انہوںنے کہا کہ ان سہولیات کا مقصد ملک ، صوبے سمیت کسانوں کو خود کفیل بنانا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں کاشتکاروں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔محکمہ زراعت فصل کی پیداوار سے لے کر کٹائی تک کاشتکاروں کو مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے تاکہ کاشت کار زیادہ سے زیادہ فصل اگا کر ملک معیشت میں اہم کردار ادا کرے ۔تقریب کے اختتام پر بذریعہ قرعہ اندازی جتنے والے کاشت کاروں میں زرعی ادویات اور اجزائے صغیرہ کھادوں کے پیکٹ تقسیم کئے گئے۔