منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 05 فروری2021)چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے سول ایوی ایشن /ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ، اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی فراہمی پر عملدرآمد کو یقینی بنائے،22کروڑ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یو این او کے علاوہ ہر عالمی فورم پر کشمیر کے حوالے سے پاکستانی قوم کا موقف ذمہ دارانہ انداز میں پیش کیا جس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک بنیادی ایشو بن گیا ہے جس کی اس سے پہلے مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق نہیں چھینا جا سکتا، کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں میونسپل کمیٹی ہال میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیرالیاس چیمہ ، اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز،سی او میونسپل کمیٹی محمد فیاض، سرکاری افسران،انجمن تاجران اورالیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نمائندگان،ریسکیو 1122 ،تعلیم، صحت،سکولوں و کالجوں کے طلبائ، سیاسی سماجی رہنماﺅں کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ پوری پاکستانی قوم بالخصو ص منڈی بہاﺅالدین کے عوام کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہاں پر موجود عوام نے بھارت سمیت دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیری عوام کو آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا۔ ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بہترین خارجہ پالیسی نے بھارت کو کشمیر کے حوالے سے اقوام عالم میں تنہا کر دیا ہے، مظلوم و نہتے کشمیریوں پر بھارت کے ظلم و بربریت نے علاقائی امن کوداﺅ پر لگا دیا ہے ،عالمی اداروں کو کشمیر کی سنگین صورتحال کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔
قبل ازیں میونسپل کمیٹی سے لے کر پریس کلب چوک تک ریلی نکالی گئی اور انسانی زنجیر بھی بنائی گئی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے، بینرز اور نعروں سے مزین کتبے اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے۔ پریس کلب پر ریلی کے اختتام پر کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی میں کامیابی اور پاکستان کے استحکام اور سا لمیت کیلئے دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر لمحہ، ہر وقت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی تحریک آزادی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار کھڑی ہے۔ پاکستانی عوام کی کشمیری بھائیوں کے ساتھ محبت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی حقیقی آزادی حاصل کریں گے اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔دریں اثنا یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحصیل ملکوال اور پھالیہ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور مقامی نمائندوں کی قیادت میں سیمینار اور ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔