منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 23 مارچ 2021)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ 23مارچ شکرانے اور تجدید عہد کا دن ہے جو ہم سے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانے کا تقاضا کرتا ہے، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایوی ایشن /ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہاکہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر الگ وطن حاصل کیا۔ اسی جذبے کے ساتھ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں تحصیل کونسل ہال میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122عمران خان،سی او میونسپل کمیٹی محمد فیاض، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عمر مرتضیٰ پراچہ، انجمن تاجران اورالیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں اور سرکاری محکموں کے سربراہوں نے شرکت کی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر، ایم این اے اور ڈی پی او نے پرچم کشائی کی۔ ریسکیو 1122اور پولیس کے دستے نے سلامی بھی پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ 23مارچ کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہری دن ہے جو ہمیں اپنے بزرگوں کی تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کیلئے کی گئی جدوجہد اور اس کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔1940میں اسی روز دو قومی نظریہ کے تحت حصول پاکستان کی قرارداد پیش کی گئی۔ جو ہمارے عظیم وطن کے قیام کی بنیاد بنی اور ہم آج ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہے کہ جن مقاصد کیلئے اس وطن کو حاصل کیا گیا ہے ان کے حصول کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی ۔
ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ 23مارچ کا دن اہل پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور قیام پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔بر صغیر کے مسلمانوں نے اتحاد اور جذبے کی قوت سے پاکستان کا قیام یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک مضبوط قوم کی حیثیت سے اپنے اندرونی و بیرونی دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر لانا ہو گا اور اس کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پرگرین پاکستان مہم کے تحت ضلع کونسل ہال کے لان میں پودا لگایا گیا اور ملک کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔