مستحق معذور افراد کو فی کس 10ہزار روپے کے حساب سے 2لاکھ 20ہزار روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے جا رہے ہیں، طارق علی بسرا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 13اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم فرد ہیں جنہیں کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، یہ افراد خصوی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔ ذرا سی توجہ سے یہ افراد ملک کے اہم شہری ثابت ہوسکتے ہیں۔ پنجاب حکومت خصوصی افراد کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی مالی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں تحصیل کونسل ہال میں معذور افراد میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ کے علاوہ معذور افراد بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22مستحق معذور افراد کو فی کس 10ہزار روپے کے حساب سے 2لاکھ 20ہزار روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے معذور افراد کیلئے خدمت کارڈ،سہولت ڈیسک ، ملازمتوں میں مخصوص کوٹہ اور سفری رعائت دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ صوبائی حکومت خصوصی افراد کو دوسروں کی محتاجی سے نکال کر نارمل افراد کے ساتھ شانہ بشانہ روزگار کمانے کے قابل بنا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کیلئے ان کو صلاحیتوں کے اعتبار سے فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے ایک ادارے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے جلد ہی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

قبل ازایں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے شرکاءسے کہاکہ خصوصی افراد کا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ایسا ماحول اور تعلق پیدا کیا جائے کہ انہیں بھی نارمل انسانوں کی طرح معاشرے میں زندگی گزار نے پر کوئی دقت پیش نہ آئے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا پختہ عزم ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات اور معذوری کے شکار افراد کی بہتری اور بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں