منڈی بہاوالدین( ایم بی ڈین نیوز 08جنوری 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، شہری غیر قانونی شکار کھیلنے والوں کی نشاندہی کریں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں محکمہ وائلڈ لائف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان علی ورک کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف حکومتی احکامات اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر غیر قانونی شکار کھیلنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موضع مکے وال میں محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی شکار کھیلنے والے افراد کے خلاف بروقت کارروائی کی تا ہم ملزمان مسروقہ سامان سمیت پکڑے گئے پرندے چھوڑ کر فرار ہو گئے اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا کر پرندوں اور مال مسروقہ کو ایڈیشنل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے پرندوں کو آزاد کرنے اور مال مسروقہ کو بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ۔
اس موقع پر نمائندہ عدالت، انسپکٹرزمنظور احمد، انسپکٹرناصر اقبال اور انضمام الحق بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف عدنان علی ورک نے بتایا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے حکومت کی پالیسی واضح ہے جس کے تحت غیر قانونی شکار کی مکمل پابندی ہے اور قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔