محکمہ لائیو سٹاک کے چھاپے، 7 دکانداروں کو غیر معیاری فیڈز /کھل بنولہ فروخت کرنے پر سیل کر دیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 11 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل نے کنگ روڈ سوہاوہ بولانی کھل ونڈا شاپس پر چیکنگ کے دوران سات دکانداروں کو غیر معیاری فیڈز /کھل بنولہ فروخت کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کو سیل کر کے مالکان کے خلاف دی پنجاب اینیمل فیڈ سٹف اینڈ کمپاﺅنڈ ایکٹ 2016کی دفعات کے تحت نمونہ جات کو کوالٹی کنٹرول لیب لاہور کو بھجوا دئیے گئے اور لیبارٹری کی جانب سے معیار پر پورا نہ اترنے والی تین نمونہ جات کو ناقابل استعمال قرار دیتے ہوئے استغاثہ جات کو پنجاب لائیو سٹاک ٹربیونل لاہور کو بھجوا دئیے گئے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد رضوان اور محمد طیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ضیاءاللہ گوندل نے کہا کہ کسی کو بھی جانوروں کی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی ہوگی ۔انہوں نے زمیندار حضرات سے اپیل کی کہ مارکیٹ میں کہیں بھی 40کلو کی پیکنگ سے کم ونڈے ہوں تواس کی لائیو سٹاک کے آفس میں نشاندہی کریں ایسے ڈیلرز اور دکانداروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے گا ۔انہوں نے ان رجسٹرڈ اور غیر معیاری کھل بیچنے والے ڈیلرز اور دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ ان رجسٹرڈ اور غیر معیاری ونڈا ، کھل بنولہ اور چوکر بیچنے سے گریز کریں ورنہ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں جیلوں میں بند کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھل ، بنولہ ، ونڈا اور چوکر وغیرہ بیچنے والے ڈیلرز حضرات کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے تا کہ مویشی پال کسانوں کو کھل بنولہ اور ونڈے کا معیار بہتر سے بہتر مہیا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈ ملز مالکان کو ہدایت کی کہ جانوروں کیلئے بنائی جانے والی فیڈز کے تھیلوں پر اجزائے ترکیبی ، ٹاکسن لیول، تاریخ ایکسپائری ، مینو فیکچرنگ کا مکمل ایڈریس اور تھیلے کو وزن 20,40 کلوگرام پرنٹ کیا جائے ۔ انہوں نے ڈیلرز حضرات کو خبردار کیا کہ وہ رجسٹر ملز سے خریداری کریں اس کا مکمل ریکارڈ رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ جن ڈیلرز نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کروائی وہ فوری طور پر متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل آفس سے فارم لے کر اپنی رجسٹریشن کروائیں بصورت دیگر غیر رجسٹرڈ ڈیلرز کے خلاف فیڈ ایکٹ کے تحت دکان یا گودام کو سیل کر کے ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں