محکمہ جنگلات کی معاونت سے محکمہ صحت اور ایجوکیشن کو 30ہزار پودے تقسیم

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 09 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ موسمی تغیریات اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،ہم سب نے مل کر شجرکاری مہم کو کامیاب بناتے ہوئے نا صرف پودے لگانا ہیں بلکہ ان کی حفاظت بھی کرنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں سکولوں کے اساتذہ و طلباءجبکہ محکمہ صحت کے اہلکاران اور کمپلیکس سے باہر سیل پوائنٹس پر کسانوں کو پودے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر ملک کاشف نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اختر تارڑ، ٹائیگر فورس کے نوجوان فیصل گوندل ، حمزہ علی، کسانوں ، سکولوں کے اساتذہ و طلباءکے علاوہ عوام الناس کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ درخت ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہے، کسی بھی ملک کے 25فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خواب سر سبز پاکستان شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر بالخصوص صوبہ پنجاب میں شجرکاری کو جنگی بنیادوں پر فروغ دیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں ضلع منڈی بہاﺅالدین میں مقامی اور علاقائی پودوں پر مشتمل نرسریوں کے پودے ضلع بھر میں شجرکاری مہم کے تحت لگائے جا رہے ہیں ۔

جس کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں آج پودوں کی تقسیم کے افتتاح کے موقع پرگوجرہ سے لیدھر تک بیک وقت پودوں کی پلانٹنگ کی جا رہی ہے جبکہ محکمہ جنگلات کی معاونت سے محکمہ صحت اور ایجوکیشن کو 30ہزار پودے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔اسی طرح محکمہ جنگلات کی معاونت سے مذید 8لاکھ پودے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان کی مشاورت سے ڈفر اور ضلع بھر کے کسانوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔طارق علی بسرا نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی معاونت اور رہنمائی سے ضلع بھر کے تمام محکمے ، نجی ادارے بالخصوص عوام الناس کے تعاون سے خالی جگہوں اور پلاٹوں پر مقامی اور علاقائی پودوں کی نرسریوں کو فروغ دے کر شجر کاری مہم اور ضلع کے مقرر کردہ ٹارگٹ کے حصول کو ممکن بنایا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں